مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر آگئی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ستمبر میں مہنگائی کی شرح 44 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، ستمبر میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 6.9 فیصد رہی۔
اگست میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 9.6 فیصد رہی تھی، ماہانہ بنیاد پر کھانے کی اشیاء، ہاؤسنگ اور ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا۔
اعدادوشمار کے مطابق ماہ ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں 0.52 فیصد کی کمی ہوئی، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 6.93 فیصد پر آگئی۔
شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد کی کمی ہوئی جبکہ دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 0.50 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ ٹماٹر 24.34 فیصد، سبزیاں 18 فیصد سے زائد سستی ہوئیں، ستمبر میں پھل 4.49 فیصد جبکہ گندم کا آٹا 5.53 فیصد تک سستا ہو، ایک ماہ میں گندم 4.46 فیصد، دال مسور 4 فیصد، ماش 2.67 فیصد سستی ہوئی۔
گزشتہ ماہ شہری علاقوں میں بیسن 15 فیصد، دال چنا 13.48 فیصد مہنگی ہوئی، ستمبر میں انڈے 7.33 فیصد، سفید چنے 5 فیصد مہنگے ہوئے۔
پیاز 5 فیصد، مصالحے 3.32 فیصد، ریڈ میڈ فوڈ 2.54 فیصد مہنگا ہوا، ایک ماہ میں گوشت 2.37 فیصد آلو 1 فیصد تک مہنگے ہوئے۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کموڈٹیز، تیل کی قیمتوں کا گرنا اور روپے کی قدر میں استحکام کے باعث مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ ستمبر 2024 میں مہنگائی حکومتی اندازوں سے بھی کم سطح پر آگئی، حکومت نے ستمبر اکتوبر میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
