Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رواں مالی سال کے 5 ماہ میں بیرونی قرضوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے 5 ماہ میں بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی تا نومبر 3 ارب 57 کروڑ ڈالر کی مجموعی بیرونی فنڈنگ موصول ہوئی جبکہ اس میں آئی ایم ایف قرض پروگرام کی 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط بھی شامل ہے۔

اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں بیرونی فنڈز میں 43 فیصد کمی تاہم آنے والے مہینوں میں تیزی متوقع ہے، رواں مالی سال 24 ارب ڈالر کی مجموعی بیرونی مالی معاونت ملنے کا تخمینہ ہے، اس میں چین، سعودی عرب اور یو اے ای کا 12 ارب ڈالر کا مجموعی قرضہ رول اوور ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر کی ادھار تیل کی سہولت بھی ملنے کا امکان ہے جبکہ ابتدائی 5 ماہ میں آئی ایم ایف کے علاوہ دیگر اداروں، ممالک سے 2.57 ارب ڈالر ملے اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو 76 کروڑ 70 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔

علاوہ ازیں نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 73 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، عالمی بینک نے 30 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا رعائتی قرضہ دیا اور چین نے 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر، فرانس 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فنڈز دیے۔

اقتصادی امور ڈویژن نے رپورٹ میں مزید بتایا کہ پانچ ماہ میں امریکہ نے 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ فراہم کی اور اس دوران 20 کروڑ ڈالر کا چینی قرضہ رول اوور کیا گیا۔

Exit mobile version