Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چنگان گاڑیاں خریدنا ہوگیا مشکل، جانیں کون سی گاڑی کتنی مہنگی ہوئی؟

پاکستان میں آٹو انڈسٹری پر مہنگائی اور بجٹ کے اثرات جاری ہیں، اسی سلسلے میں چینی کار ساز کمپنی چنگان نے اپنی متعدد گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق اوشان ایکس 7، ایلسوین، کاروان اور شیرپا ماڈلز پر ہوگا جن کی قیمتوں میں 45 ہزار روپے سے لے کر 2 لاکھ روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

مہنگائی کی لہر: کس ماڈل کی قیمت کتنی بڑھی؟

چنگان کے مطابق یہ اضافہ حالیہ بجٹ میں ٹیکس اقدامات، ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ماڈل اوشان ایکس 7 ایف ایس 7 ہے جس کے دونوں (5 اور 7 سیٹر والے) ویرینٹس کی قیمت میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ ایلسوین سیڈان کی تمام ویرینٹس کی قیمتیں بھی 90 ہزار سے 1 لاکھ روپے بڑھا دی گئی ہیں۔

مکمل قیمتوں کی تفصیل

چنگان نے اپنی مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے جس میں اوشان ایکس 7 (7 سیٹر) کی قیمت 82 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھا کر 84 لاکھ 74 ہزار روپے کردی گئی ہے، یعنی 1 لاکھ 75 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح اوشان ایکس 7 (5 سیٹر) والا ماڈل اب 89 لاکھ 49 ہزار روپے کے بجائے 91 لاکھ 49 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا جب کہ 7 سیٹر والے ماڈل کی قیمت 90 لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھ کر 92 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے جو کہ دونوں ویرینٹس میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

اسی طرح ایلسوین ایک ٹی کمفرٹ کی نئی قیمت 41 لاکھ 89 ہزار روپے ہوگئی ہے جو پہلے 40 لاکھ 99 ہزار روپے تھی، یعنی 99 ہزار روپے کا اضافہ ہے

ایلسوین لومیئر اور ایلسوین لومیئر بلیک ایڈیشن دونوں کی قیمتوں میں 1 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد لومیئر کی قیمت 48 لاکھ 99 ہزار روپے اور بلیک ایڈٰیشن کی قیمت 49 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

کاروان پاور پلس 1.2 کی قیمت 31لاکھ 99 ہزار روپے سے بڑھ کر 32 لاکھ 49 ہزار روپے ہوگئی ہے، یعنی 50 ہزار روپے کا فرق پڑا ہے۔

شیرپا پاور 1.2 کی قیمت میں 45 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 23 لاکھ 49 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

صارفین پر اثر

گاڑیوں کی قیمتوں میں یہ نیا اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلے ہی عوام کو مہنگائی، بلند شرح سود اور ایندھن کی قیمتوں کا سامنا ہے۔

صارفین کی بڑی تعداد نے چنگان کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے جب کہ مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رجحان دیگر آٹو مینوفیکچررز کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version