کراچی: پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں جب کہ زرمبادلہ ذخائر نے 20 ارب ڈالر کا ہدف عبور کرلیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 1 ارب 93 کروڑ 76 لاکھ ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ذخائر میں اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر اب 20 ارب 2 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کے کثیر فریقی اور کمرشل قرضوں کی وصولی سے مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا
اس میں مرکزی بینک کے ذخائر میں سب سے زیادہ 1 ارب 77 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجودہ ذخائر 14 ارب 50 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر میں بھی 16 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ان کا مجموعی حجم 5 ارب 52 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ہوگیا ہے۔
