پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سال نو کے آغاز کے ساتھ ہی نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے، اور آج بھی 100 انڈیکس 1 لاکھ 79 ہزار کی سطح عبور کر کے نئی تاریخ رقم کر گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے سال کے دوسرے دن کاروبار کی شروعات میں مثبت رجحان دیکھا گیا، اور مارکیٹ میں ٹرینڈنگ کے دوران 3055 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس پہلے 77 پھر 78 اور پھر تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 79ہزار کی سطح عبور کرگیا۔
یہ بھی پڑھیں: نئے سال کے پہلے ہی دن اسٹاک مارکیٹ میں تاریخ رقم، نئے ریکارڈز بن گئے
مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دورن آج 100 انڈیکس 3 نفسیاتی حدیں عبور کر نے میں کامیاب رہا، مارکیٹ میں ابھی 100 انڈیکس 1 لاکھ 79 ہزار 411 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا ہے۔
سیشن کے دوران، ریڈی مارکیٹ میں 1,402.650 ملین شیئرز کی تجارت ہوئی جن کی مجموعی مالیت 48.424 ارب روپے رہی، جبکہ پچھلے سیشن میں یہ حجم 957.239 ملین شیئرز اور 44.231 ارب روپے تھا۔ سرگرم 485 کمپنیوں میں سے 337 کمپنیوں کے شیئرز میں اضافہ، 116 میں کمی اور 32 کمپنیوں کے شیئرز جمود کا شکار رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دو بڑے ریکارڈ قائم ہوئے تھے اور 100 انڈیکس 1 لاکھ 76 ہزار کی سطح عبور کر کے بند ہوا تھا۔



















