Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملکی معیشت کے لیے اچھی خبر، خیرپور سے روزانہ 70 لاکھ مکعب فٹ گیس کی پیداوار شروع

گیس کو سنجھورو پلانٹ تک پہنچانے کے لیے 28 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی گئی ہے

ملکی توانائی کے شعبے کے لیے اچھی خبر ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے سندھ کے ضلع خیرپور میں بترسِم ایسٹ-1 کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی پیداوار شروع کردی ہے۔

او جی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق کنویں سے یومیہ 70 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 200 بیرل کنڈینسیٹ حاصل ہورہا ہے، جبکہ پیداوار مستحکم ہونے کے ساتھ گیس کی فراہمی میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کنویں سے حاصل ہونے والی گیس کو سنجھورو پلانٹ تک پہنچانے کے لیے 28 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی گئی ہے، جبکہ پیدا ہونے والی گیس سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے نیٹ ورک میں شامل کردی گئی ہے۔

بترسِم ایسٹ-1 منصوبے میں او جی ڈی سی کا حصہ 77.5 فیصد جبکہ جی ایچ پی ایل کا حصہ 22.5 فیصد ہے۔

ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق اس منصوبے سے ملکی گیس کی فراہمی میں اضافہ ہوگا اور توانائی کے تحفظ کو تقویت ملے گی۔

متعلقہ خبریں