ترک ڈرامہ انڈسٹری سے افسوسناک خبر سامنے آئی ہے مقبول تاریخی ڈرامہ سیریز کورولوش عثمان میں میخائل کوسس کا کردار نبھانے والے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ 51 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار 5 ستمبر کو استنبول کے علاقے کاگتھانے میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ ایک قریبی دوست اوزلم ای گزشتہ کئی روز سے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم مسلسل جواب نہ ملنے پر وہ ان کے گھر پہنچیں۔
رپورٹس کے مطابق اوزلم ای نے اداکار کو ایک کمرے میں کرسی پر بیٹھا ہوا دیکھا۔ ان کی سانس نہ چلنے پر فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی، تاہم طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر ان کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں دوست نے بتایا کہ سرحات مصطفیٰ کیلیچ لمف کینسر میں مبتلا تھے، تاہم اداکار کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی معائنے میں اداکار کے جسم پر تشدد یا کسی نمایاں زخم کے آثار نہیں ملے۔ موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے 1998 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں فلم اور ٹیلی وژن کے متعدد کامیاب منصوبوں کا حصہ بنے۔ ان کی فلم کچ یوکوسو نے 2014 میں کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
وہ سوز، کورولوش عثمان اور محمد فاتح سمیت کئی معروف ترک ڈراموں میں اداکاری کرچکے تھے، تاہم کورولوش عثمان میں میخائل کوسس کا کردار ان کی عالمی شہرت کی بڑی وجہ بنا اور پاکستانی سمیت دنیا بھر کے ناظرین نے ان کی اداکاری کو پسند کیا۔
اداکار کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد ترک ڈرامہ انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں افسردگی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
