Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کوالیفائر پلے آف کا شیڈول جاری کر دیا گیا

گلوبل کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہ راست ورلڈ کپ 2027 کے گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے لیے کوالیفائر پلے آف کا آغاز 4 دسمبر سے نیپال میں ہوگا، جس میں آٹھ ٹیمیں گلوبل کوالیفائر تک رسائی کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

کوالیفائر پلے آف کے مقابلے 4 سے 21 دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی روز میزبان نیپال کا مقابلہ اٹلی سے ہوگا، جبکہ نامیبیا اور یوگنڈا کی ٹیمیں بھی پہلے ہی دن میدان میں اتریں گی۔

ایونٹ میں کینیڈا، کویت، جرسی اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔ پلے آف میں شامل آٹھ ٹیموں میں سے چار گلوبل کوالیفائر کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز پہلے ہی گلوبل کوالیفائر میں جگہ بنا چکے ہیں، جبکہ امریکا، اسکاٹ لینڈ، نیدرلینڈز اور عمان نے لیگ ٹو کے ذریعے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی ہے۔ اس طرح گلوبل کوالیفائر میں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

گلوبل کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہ راست ورلڈ کپ 2027 کے گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی، جبکہ دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں نئی سپر سیریز میں شرکت کریں گی۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، جس میں 14 ٹیمیں مجموعی طور پر 57 میچز کھیلیں گی۔ میگا ایونٹ کے مقابلے تینوں میزبان ممالک کے 12 مختلف میدانوں میں منعقد ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version