پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین اور اداکار امیر گیلانی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس پر دونوں کے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارک بادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اداکار امیر گیلانی نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے گھر ننھے مہمان کی آمد کی خوش خبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
ویڈیو میں امیر گیلانی کو اسپتال میں اپنے نومولود بیٹے کے کان میں اذان دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکار نے اس موقع پر اپنے بیٹے کا نام بھی بتایا اور اس کے معنی سے متعلق آگاہ کیا۔
امیر گیلانی نے اپنے بیٹے کا نام سید ازمر حسین کمال گیلانی رکھا ہے تاہم انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں بیٹے کو اپنے خاندان کا فخر اور سب سے قیمتی خزانہ قرار دیتے ہوئے اسے ’’ہمارے جنگل کا بادشاہ‘‘ بھی کہا۔
اداکار نے اپنی خوشی کے اظہار کے لیے قرآن پاک کی ایک آیت اور اس کا ترجمہ بھی شیئر کیا جس میں اللہ تعالیٰ کی عطا اور خوشنودی کا ذکر ہے۔

دوسری جانب اداکارہ ماورا حسین نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو یہ خوش خبری سنائی جس کے بعد سوشل میڈیا پر مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔