پاکستان کے معروف اداکار دانش تیمور اپنے نئے ڈرامے میں شراب نوشی کے منظر کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔
نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے کی حالیہ قسط میں دانش تیمور کے کردار شاہ داؤد کو شراب پیتے ہوئے دکھایا گیا جس پر ناظرین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔
ڈرامے کی کہانی شاہ داؤد اور بریرہ کے گرد گھومتی ہے جن کی شادی زبردستی کروائی جاتی ہے۔ حالیہ قسط میں شاہ داؤد کو شراب نوشی کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کے قریب جانے کے بارے میں سوچتے دکھایا گیا ہے۔
مذکورہ منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ڈرامے کے موضوع اور پیشکش پر سوالات اٹھائے۔ بعض صارفین نے پاکستانی ڈراموں میں بار بار شراب نوشی کے مناظر دکھانے پر اعتراض کیا جبکہ کچھ ناظرین کا کہنا تھا کہ ایسے مناظر نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔
اس منظر کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین کی جانب سے ڈراموں میں پیش کیے جانے والے مواد اور اس کے معاشرتی اثرات پر اظہارِ خیال کیا جارہا ہے۔
