پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز سے قبل اداکارہ صنم سعید نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ فنکاروں اور تخلیقی منصوبوں پر تنقید کرتے ہوئے احترام اور شائستگی کا مظاہرہ کریں۔
کراچی میں سیریز کی تشہیری مہم کے دوران ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے صنم سعید نے سوشل میڈیا پر فنکاروں کو نشانہ بنانے اور ذاتی نوعیت کے تبصروں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ناظرین کو کسی بھی ڈرامے، فلم یا سیریز پر تنقید کرنے اور اس کی خامیوں کی نشاندہی کرنے کا مکمل حق حاصل ہے تاہم اختلاف رائے کے اظہار میں ذاتی حملوں اور نامناسب زبان سے گریز کرنا چاہیے۔
صنم سعید نے واضح کیا کہ میرا مقصد یہ نہیں کہ ناظرین کسی بھی پروجیکٹ پر صرف مثبت تبصرے کریں یا اس کی خامیوں کو نظر انداز کردیں بلکہ میں چاہتی ہوں کہ تنقید تعمیری اور مہذب انداز میں کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی تخلیقی منصوبے کی تیاری میں درجنوں افراد کی محنت، وقت، صبر اور مالی وسائل شامل ہوتے ہیں، اس لیے کسی بھی کام پر رائے دیتے ہوئے ان تمام کوششوں کا احترام ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ فنکاروں کی ذمہ داری معیاری تخلیقات پیش کرنا ہے جبکہ ناظرین کو بھی چاہیے کہ وہ کسی پروجیکٹ کو کھلے دل سے دیکھیں اور پسند نہ آنے کی صورت میں اپنی رائے مناسب انداز میں بیان کریں۔
اپنی بات کے اختتام پر صنم سعید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میری بس یہی درخواست ہے کہ تنقید کرتے ہوئے ’’ہاتھ ذرا ہلکا رکھیں‘‘۔
