Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آم کھانے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ آم کھانے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ اگر نہیں تو ضرور جان لیں۔

غذائی اجزا سے بھرپور

ایک آم سے جسم کو پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، فائبر، قدرتی مٹھاس، وٹامن سی، وٹامن بی 6، وٹامن اے، وٹامن ای، وٹامن K، کاپر، فولیٹ، پوٹاشیم، میگنیشم اور ریبوفلوین جیسے اجزا ملتے ہیں۔

آم میں موجود وٹامن سی مدافعتی نظام کو طاقتور بناتا ہے جبکہ جسم کو آئرن جذب کرنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خلیات کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے

اس پھل کا ایک اور فائدہ کیلوریز کی مقدار کم ہونا ہے۔

165 گرام آم میں 99 کیلوریز ہوتی ہیں اور کھانے کے آغاز میں آم جیسے پھل کھانے سے بسیار خوری کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

ذیابیطس سے بچائے

اعتدال میں رہ کر اس پھل کو کھانا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتا۔

روزانہ کچھ مقدار میں آم کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں نمایاں کمی آتی ہے۔

مدافعتی نظام مضبوط بنائے

یہ پھل مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے والے اجزا کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔

اس میں وٹامن اے موجود ہوتا ہے جو مضبوط مدافعتی نظام کے لیے اہم ہوتا ہے، اس وٹامن کی کمی سے مختلف بیماریوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اسی طرح آموں میں موجود وٹامن سی امراض سے لڑنے والے خون کے سفید خلیات کی تعداد کو بڑھاتا ہے جبکہ خلیات کو مؤثر انداز سے کام کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

اس میں موجود دیگر اجزا جیسے کاپر، فولیٹ، وٹامن ای اور بی وٹامنز کی مختلف اقسام سے بھی مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔

دل کی صحت کے لئے مفید

آموں میں موجود میگنیشم اور پوٹاشیم سے خون کی روانی کا نظام مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے، ان اجزا سے خون کی شریانیں کشادہ ہوتی ہیں اور بلڈ پریشر کی سطح گھٹ جاتی ہے۔

اس پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس بھی دل کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں جو کولیسٹرول اور چکنائی کی سطح میں کمی لاتے ہیں۔

نظامِ ہاضمہ بہتر کرے

یہ پھل نظامِ ہاضمہ کے لیے بھی بہترین ہوتا ہے، اس کو کھانے سے جسم کے لیے مختلف اجزا کو آسانی سے جذب کرنا ممکن ہو جاتا ہے۔

آنکھوں کے لئے بھی مفید

آموں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے بینائی کو فائدہ ہوتا ہے۔

یہ اینٹی آکسائیڈنٹس روشنی کو جذب کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں اور سورج کی شعاعوں اور نقصان دہ نیلی روشنی سے آنکھوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

کینسر کا خطرہ کم کرے

آموں میں پولی فینولز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ نباتاتی مرکبات کینسر سے بچانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

پولی فینولز تکسیدی تناؤ سے تحفظ فراہم کرتے ہیں اور تکسیدی تناؤ کو کینسر کی متعدد اقسام کا باعث مانا جاتا ہے۔