Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روزمرہ کی یہ عام غذا امراض قلب کا خطرہ بڑھا سکتی ہے

ڈبل روٹی، پاستا اور دیگر ریفائن اناج کا زیادہ استعمال امراض قلب، فالج اور قبل از وقت موت کے خطرے میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے

دنیا کی بڑی تعداد ناشتے میں چائے، کافی اور انڈوں کے ساتھ سفید ڈبل روٹی کا استعمال کرتی ہے تاہم روز مرہ کی یہ عام غذا امراض قلب کے خطرے کو کئی گنا بڑھا سکتی ہے۔

 حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق ڈبل روٹی، پاستا اور دیگر ریفائن اناج کا زیادہ استعمال امراض قلب، فالج اور قبل از وقت موت کے خطرے میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق کینیڈا کی میک ماسٹر یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق میں 21 ممالک کے ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد کا تقریباً 9 سال جائزہ لیا گیا۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق ریفائن اناج استعمال کرنے والے افراد میں سالم اناج استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں دل کے دورے اور فالج کا خطرہ زیادہ دیکھا گیا۔

صاف شدہ اناج سے تیار ہونے والی عام اشیاء میں سفید ڈبل روٹی، مختلف بیکری مصنوعات، میٹھی اشیاء اور پیسٹریز شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق اناج سے بھوسی، چھلکا، تخم یا جرثومہ نکالنے کے عمل کے دوران اس کے متعدد غذائی اجزا بھی کم ہوجاتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق جو افراد روزانہ صاف شدہ اناج کی 7 سے زائد سرونگ استعمال کرتے تھے، ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 27 فیصد، امراض قلب کا خطرہ 33 فیصد جبکہ فالج کا خطرہ 47 فیصد زیادہ پایا گیا۔

محققین نے تجویز کیا ہے کہ صاف شدہ اناج کے بجائے مکمل اناج کو خوراک کا حصہ بنایا جائے۔ ان میں براؤن رائس، جو اور دیگر بغیر چھنے ہوئے اناج شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کون سی غذائیں جسمانی مہک کو زیادہ دلکش بناتی ہیں اور کون سی نہیں؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا کے لیے سفید ڈبل روٹی اور دیگر صاف شدہ کاربوہائیڈریٹس کی مقدار محدود کرکے مکمل اناج، سبزیوں اور دیگر غذائیت سے بھرپور غذاؤں کو ترجیح دینا بہتر انتخاب ہوسکتا ہے۔

Exit mobile version