دنیا کی متنازعہ ترین غذاؤں میں انڈا بھی شمار کیا جاتا ہے تاہم نئی تحقیق میں اسے صحت کے لیے مفید قرار دیا گیا ہے اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کون سا انڈا غذا میں شامل کیا جائے سفید یا براؤن۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائیت کے اعتبار سے سفید اور براؤن انڈوں میں کوئی نمایاں فرق نہیں پایا جاتا انڈے کے چھلکے کا رنگ بنیادی طور پر مرغی کی نسل سے طے ہوتا ہے۔ عام طور پر سفید پروں والی مرغیاں سفید جبکہ بھورے پروں والی مرغیاں براؤن انڈے دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا انڈے کی سفیدی پورے انڈے سے زیادہ صحت مند ہے، ماہر ین کیا کہتے ہیں؟
ماہرین نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا ہے کہ براؤن انڈہ یا زیادہ گہری زردی لازماً زیادہ صحت بخش ہوتی ہے۔ ان کے مطابق زردی کا رنگ زیادہ تر مرغی کی خوراک پر منحصر ہوتا ہے۔ میری گولڈ، پاپریکا، مکئی اور گاجر جیسی کیروٹینائیڈز سے بھرپور غذائیں زردی کو زیادہ گہرا یا نارنجی رنگ دے سکتی ہیں، لیکن اس سے لازماً انڈے کی غذائیت یا معیار زیادہ ثابت نہیں ہوتا۔
2024 میں شائع ہونے والی ایک طبی تحقیق میں بھی بتایا گیا کہ پاپریکا سمیت بعض غذائی اجزا انڈے کی زردی کے رنگ کو متاثر کرسکتے ہیں، تاہم زردی کے رنگ اور انڈے کے مجموعی معیار کے درمیان براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سفید یا براؤن چھلکا، یا زردی کا رنگ، اپنے طور پر انڈے کی غذائیت یا معیار کا قابلِ اعتماد پیمانہ نہیں ہے۔
