وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں مساوات کیلئے جمہوریت ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عالمی یوم جمہوریت پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت ہی مساوی انسانی حقوق کی ضامن ہے، کسی بھی معاشرے میں مساوات کیلئے جمہوریت ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ جمہوریت عوام کو اقتدار میں شراکت دار بناتی ہے، سماجی و معاشی ارتقاء کیلئے جمہوریت کا تسلسل ضروری امر ہے۔ پاکستان تحریک انصاف جمہوری اقدار اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہے، بھارت نام نہاد جمہوریت کا دعویدار لیکن جمہوری اقدار کا سب سے بڑا دشمن ہے۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کو مسخ کر کے رکھ دیا ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو عرصہ دراز سے جمہوری حق سے محروم کر رکھا ہے، مودی سرکار کشمیری عوام کو جمہوری حق دینے کی بجائے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کے غیر جمہوری اقدامات پر فوری نوٹس لینا چاہیے، آج کے دن ہمیں ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔
