پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں انتخابات کا انعقاد صرف الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی قانون سازی پر الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق مؤقف اختیار کیا، ای وی ایم آئین سے متصادم ہے یہی مؤقف الیکشن کمیشن اور ہمارا ہے۔
نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں سب سے بڑی شرکت دار ہے الیکشن کمیشن میں انتخابات کا انعقاد صرف الیکشن کمیشن کا کام ہے، حکومت اور وزراء کو آئینی ادارے کے خلاف توہین آمیز گفتگو نہیں کرنی چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے مزید کہا ہے کہ ہم ہر لیگل اور آئینی طور پر الیکشن کمیشن کو سپورٹ کریں گے۔
اس سے قبل پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جب پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی تھی تو ہمارا ایک ہی ایجنڈا تھا اور اس ایجنڈے پر پیپلزپارٹی آج بھی متفق ہے۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے ہیں پر ان اختلافات کو دور کرنے کے لئے پہل کی جاتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے مزید کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کا آج بھی یہی مؤقف ہے وہ نااہل حکومت سے نجات چاہتے ہیں، اس پر جو چارٹر دیا اور ایکشن پلان بنایا تھا اس پر آج بھی قائم ہیں اور دیگر جماعتوں کو بھی اس کے مطابق پیشرفت کرنی چاہیے۔
