Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نور مقدم قتل کیس، ملزم کے والدین کی درخواست ضمانت پر سماعت

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت ذاکر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق سماعت کر رہے ہیں ، پٹیشنرز کی جانب سے خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے دلائل کا آغاز کردیا ہے۔

خواجہ حارث کا کہنا ہے کہ عدالت دیکھے کہ ایف آئی آر کے مطابق الزام کیا ہے، 20 جولائی کی رات ساڑھے گیارہ بجے ایف آئی آر درج ہوئی تھی اور ایف آئی آر میں وقوعہ دس بجے کا بتایا گیا ہے۔

 خواجہ حارث نے بتایا کہ  ایف آئی آر میں ظاہر جعفر کے والدین کا کوئی ذکر نہیں ہے،  ظاہر جعفر اسلام آباد میں اور اس کے والدین کراچی میں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ پھر انہیں ملزم کیسے بنا دیا گیا، والدین اسلام آباد آ کر شامل تفتیش ہوئے، ضمانت قبل از گرفتاری کرائی گئی ہے۔

خواجہ حارث کا مزید کہنا تھا کہ ضمانتی مچلکے داخل نہ ہونے کے باعث 24 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا اور دونوں کو 27 جولائی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 29 جولائی کو ضمانت بعد از گرفتاری درخواست دائر کی جو 5 اگست کو خارج ہوئی تھی۔

 یاد رہے کہ 25 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے نور مقدم کے قتل کے ملزم ظاہر جعفر کے والدین اور گھریلو ملازمین کو شواہد چھپانے اور جرم میں اعانت کے الزامات پر گرفتار کر لیا تھا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بیان میں کہا تھا کہ مدعی مقدمہ و مقتولہ نور مقدم کے والد شوکت مقدم کے تفصیلی بیان کی روشنی میں ملزم کے والد ذاکر جعفر، والدہ عصمت آدم جی، گھریلو ملازمین افتخار اور جمیل سمیت متعدد افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس کے علاوہ ان تمام افراد کو بھی شامل تفتیش کیا جارہا ہے جن کا اس قتل کے ساتھ بطور گواہ یا کسی اور حیثیت میں کوئی تعلق ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version