مسلم لیگ ن نے حکومت کے خلاف سیاسی محاذ گرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نے پارٹی کو حکومت کے خلاف ماحول بنانے اور اسٹیریٹ پاور شو کرنے کی تیاریوں کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کے خدوخال واضح ہونے لگے ہیں، احتجاجی تحریک میں مہنگائی کو سرفہرست رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن نے غیر فعال، غیر متحرک ارکان اسمبلی اور عہدیداران کو وارنگ احتجاجی تحریک میں تمام ارکان اسمبلی اور سینئر عہدیداران کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق 30 ستمبر کو مسلم لیگ ن کے قائد آیندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے پارٹی گائیڈ لائن دیں گے۔
ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف ماحول بنانے کے لیے سڑکوں پر محاذ گرم کیا جائے گا، مہنگائی، بجلی کے مہنگے بل، یوٹیلٹی بلز، گیس بحران اور دیگر حکومتی پالیسیوں کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
ن لیگ کے ذرائع نے مزید کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں اپوزیشن کی تحریک کو لیڈ کرے گی، احتجاجی مظاہروں میں پارٹی صدر شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت دیگر سینئر لیگی رہنما شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف مظاہروں میں پی ڈی ایم کے قائدین بھی شریک ہوں گے۔















