نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر جمہوریہ لبنان کے وزیراعظم عزت مآب نواف سلام سے ملاقات ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے لبنان کی خودمختاری، سیاسی آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کو دہرایا اور نے فوری طور پر مخاصمت کے خاتمے، جنگ بندی کے انتظامات کی سختی سے پاسداری، مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دوران ملاقات پاکستان اور لبنان نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر جاری اہم باہمی تعاون کا بھی اعادہ کیا۔















