صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کے باعث بند کیے گئے اسکول آج کھل گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اس حوالے سے ٹوئٹ بھی کی ہے اور لکھا کہ صوبے بھر میں اسکولوں کو آج سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولا جا رہا ہے۔
ANNOUNCEMENT:
All Public and Private Schools of Punjab to open on Thursday 16th September, 2021 with the staggered approach. Only 50% students will be allowed in Schools on any given day. Please follow COVID SOPs issued by the government. Welcome back.— Murad Raas (@DrMuradPTI) September 14, 2021
محکمہ تعلیم کی طرف سے کورونا وائرس کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
یاد رہےکہ پنجاب حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے پر 6 ستمبر کو صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے تھے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے 15 سال سے زائد عمر کے بچوں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔
محکمہ اسکول اور ہائر ایجوکیشن نے الگ الگ نوٹی فکیشن میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ کالجز اور یونیورسٹیز کو بھی کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ ملک بھرمیں بغیر ویکسی نیشن کے ٹرینوں میں سفر پر آج سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
15 ستمبر تک کم از کم ایک ڈوز اور 15 اکتوبر تک مکمل ڈوز لگوانے والے مسافروں کو سفر کرنے کے اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے 15 میں سے 10 اضلاع میں مکمل اور پانچ اضلاع میں 50 فیصد سواریوں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کو بارہ روز بند رکھنے کے بعد کھول دیا گیا۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور گجرات میں پچاس فیصد سواریاں بٹھانے کی اجازت دی گئی ہے۔
باقی تمام اضلاع میں مکمل طور پر 100 فیصد سواریوں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر 4 ستمبر سے پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کیا گیا تھا۔
اب ایک ہفتے کیلئے پانچ اضلاع کو پچاس فیصد سواریوں کی اجازت دی گئی ہے۔ 22 ستمبر کے بعد ان پانچ اضلاع کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پنجاب کے منتخب اضلاع میں لاک ڈاؤن کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ زیادہ شرح والے علاقوں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور گجرات میں 22 ستمبر تک لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔
کاروباری مراکز رات 8 بجے تک بند ہوں گے۔ ہفتے میں دو روز جمعہ اور ہفتے کے دن چھٹی ہوگی۔
کم شرح والے اضلاع میں 16 سے 30 ستمبر تک درج ذیل پابندیاں نافذ رہیں گی۔
مارکیٹ اور بازاروں کے 10 بجے تک اوقات کار رہیں گے۔
ہفتے میں صرف ایک روز چھٹی ہوا کرے گی۔
ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 11:59 تک جبکہ ان ڈور ڈائننگ کی اجازت صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو ہوگی۔
مزارات پر 30 سال سے زائد عمر کے ویکسی نیٹڈ شہری ہی جا سکیں گے۔
















