Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرینوں میں سفر کرنیوالے ہوجائیں خبردار، آج سے بڑی پابندی عائد

ملک بھرمیں بغیر ویکسی نیشن کے ٹرینوں میں سفر پر آج سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 16 ستمبر (آج) سے ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگوانے والے شہریوں کو سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔

ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق 15 اکتوبر کے بعد دو ڈوز لگانے والے مسافروں کو ہی سفر کی اجازت دی جائے گی۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشنز پر جگہ جگہ ویکسین لگوانے کے حوالے سے تشہیر بورڈ لگوا دیے ہیں۔

ریلوے حکام نے ٹکٹوں کا حصول کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا ہے، مسافر کورونا ویکسین لگوائے بغیر ٹرینوں پر سفر نہیں کر سکیں گے۔

ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافر ریلوے کے اس نئے فیصلے پر حیران ہیں، تو بعض افراد محکمے کے اِس بڑے فیصلے کو اچھا اقدام بھی قرار دے رہے ہیں۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹکٹ خریدنے والوں سے ویکسین کا سرٹیفکیٹ یا مسیج طلب کیا جائے گا ، ویکسین کی کم از کم ایک بھی ڈوز نہ لگوانے والوں کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ،  دوران سفر بھی ویکسین سرٹیفکیٹ طلب کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان ریلوے کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ ویکسین نہ لگوانے والے ٹرین سے ڈی پورٹ بھی کیے جا سکتے ہیں، تمام ٹرینیں کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے 70 فیصد آکو پینسی کے ساتھ چلتی رہیں گی ۔

کورونا ویکسین لگوانے سے متعلق عوام کی آگاہی کے لیے پاکستان ریلوے نے اسٹیشنز کی حدود میں پوسٹرز اور بینرز آویزاں کر دیے ہیں۔

ترجمان ریلوے کا یہ بھی کہنا ہے کہ 15 اکتوبر تک مکمل ڈوز ٹرین اسٹاف اور اسٹیشن حدود میں تمام عملے کو لگوانا ضروری ہو گا ۔

دوسری جانب  کورونا وائرس کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) اورحکومت پنجاب کی سفارشات کے مطابق دوسری جانب پنجاب کے 15 میں سے 10 اضلاع میں مکمل اور پانچ اضلاع میں 50 فیصد سواریوں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کو بارہ روز بند رکھنے کے بعد کھول دیا گیا۔

لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور گجرات میں پچاس فیصد سواریاں بیٹھانے کی اجازت دی گئی ہے۔

باقی تمام اضلاع میں مکمل طور پر 100 فیصد سواریوں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر چار ستمبر سے پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کیا گیا تھا۔

اب ایک ہفتے کیلئے پانچ اضلاع کو پچاس فیصد سواریوں کی اجازت دی گئی ہے۔ 22 ستمبر کے بعد ان پانچ اضلاع کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں پنجاب کے منتخب اضلاع میں لاک ڈاؤن کی تفصیلات جاری کر دی گئیں۔ زیادہ شرح والے علاقوں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور گجرات میں 22 ستمبر تک لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ کاروباری مراکز رات 8 بجے تک بند ہوں گے۔ ہفتے میں دو روز جمعہ اور ہفتے کے دن چھٹی ہوگی۔

کم شرح والے اضلاع میں 16 سے 30 ستمبر تک درج ذیل پابندیاں نافذ رہیں گی۔ مارکیٹ اور بازاروں کے 10 بجے تک اوقات کار رہیں گے۔ ہفتے میں صرف ایک روز چھٹی ہوا کرے گی۔ ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 11:59 تک جبکہ ان ڈور ڈائننگ کی اجازت صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو ہوگی۔ مزارات پر 30 سال سے زائد عمر کے ویکسی نیٹڈ شہری ہی جا سکیں گے۔

متعلقہ خبریں