Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا، عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی، نااہل اور نالائق ٹولہ جینوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے راسخ الٰہی نے زمان پارک میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تمام ایشوز پر کھل کر گفتگو کی اور خاص طور پر صوبے میں آٹے کی صورتحال کے حوالے سے بھی بات کی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں؛ پی ٹی آئی نے ماحولیات کے تحفظ کیلئے قابلِ ذکر اقدامات اٹھائے، عمران خان

اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے، معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی، نااہل اور نالائق ٹولہ جینوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا، آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اقتدار میں ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں، پنجاب حکومت کی ڈائرکیشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے صوبے میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے تاہم ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے این آراو کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کرانے میں لگے ہیں، 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی اتحاد بھکاریوں کا ٹولہ بن چکا ہے، یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں لیکن کوئی انہیں کچھ دینے کو تیار نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے، ہمارے ہر اقدام کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں،  ہر فیصلے ساتھ کھڑے رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت لاہور میں سینئیر لیڈر شپ کا اجلاس ہوا-

اجلاس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر،  فواد چوہدری، فرخ حبیب سمیت دیگر شریک ہوئے- اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پنجاب اسمبلی میں موجود صورتحال بھی غور کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version