Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی سے خیبر تک آٹے کا بحران ، عوام کا صبر جواب دینے لگا

ملک میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور ایسے میں کراچی سے خیبر تک عوام آٹے کے حصول کے لیے رل گئے۔

ملک میں آٹے کے بحران  پرعوام کا صبرجواب دینے لگا اور حکومتی بے حسی کے خلاف شہرشہراحتجاج ہونے لگا، پشاورمیں باپردہ خواتین سستے  آٹے کے حصول کے لیے لائنوں میں لگنے پر مجبور ہو گئیں۔

حیدرآباد میں آٹے کی قلت پر خواجہ سرا بھی سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے پریس کلب پر مصنوعی قلت پیدا کرنے پر احتجاج کیا ریلی نکالی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں؛ آٹا بھی غریب عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگا

چنیوٹ میں عوام نے آٹا دو ہائے ہائے کے نعرے لگادئیے۔ کوہلومیں نکلنے والی احتجاجی ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔

تھرپارکرمیں بھی بھوک کے ستائے شہری پھٹ پڑے۔ سانگھڑمیں عوام نے غیر معیاری آٹا فروخت ہونے کی شکایت کی ۔ پاکپتن کے علاقہ نورپور میں آٹے کے حصول کے لیے قرعہ اندازی ہونے لگی، پرچی کھلے گی تو بوری ملے گی ۔

کوہاٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر جلا کرسڑک بلاک کردی اور بنوں میں جماعت اسلامی کے رہنما نے خود کو پنجرے میں بند کرلیا۔ اس کے علاوہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آٹے کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج اورریلیوں کاسلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب کراچی میں گندم کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی ہوگئی لیکن آٹے کی قیمت کم نہ ہو سکی ، شہر میں چکی کے آٹے کی قیمت 155 روپے سے 160 روپے کلو برقرار ہے۔

پنجاب میں سرکاری کوٹے میں اضافہ ہوتے ہی نجی گندم مارکیٹ کریش کر گئی جس کے بعد قیمتوں میں بھی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔

محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گندم کا یومیہ کوٹہ 5 ہزارسے بڑھا کر ساڑھے 6 ہزارمیٹرک ٹن کردیا ہے جس سے صوبے میں آٹے کی قیمت میں استحکام آرہا ہے۔

بلوچستان میں گندم کا بحران ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتا جارہا ہے اور بحران کی وجہ سے آٹا سرکاری نرخوں پر نہ ملنے پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version