حیدرآباد میں دو کرکٹ کلب کے درمیان ہونے والے میچ میں کھلاڑی آپس میں لڑ پڑے، مارپیٹ سے چار نوجوان زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد لطیف آباد میں دو کرکٹ کلبز کے مابین ہونے والے میچ میں کھلاڑیوں کے مابین جھگڑا ہو گیا اور مارپیٹ کے باعث چار نوجوان زخمی ہو گئے ہیں۔
ماضی میں کرکٹ کو جنٹلمین گیم کہا جاتا تھا جہاں کھلاڑی مہذب انداز میں کھیلتے اور شائقین بھی بہت مہذبانہ طریقے سے میچ دیکھتے تھے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس کھیل میں جوں جوں تبدیلیاں آتی گئیں ویسے ویسے کھلاڑی بھی جارحانہ رویہ اپناتے گئے۔
بین الاقوامی کرکٹ میں بھی کھلاڑیوں کے مابین لڑائی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں مگر امپائر اور میچ ریفری کی وجہ سے بات زیادہ آگے نہیں بڑھتی۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی مداح کی ارشدیپ سنگھ سے لڑائی کی ویڈیو وائرل
کلب کرکٹ سطح پر ہونے والی لڑائی زیادہ خطرناک ہوتی ہے، بعض واقعات میں کھلاڑی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
حیدرآباد میں کرکٹ کلبز کے میچ کے درمیان ہونے والا یہ جھگڑا سنگین ہو گیا اور نوبت مارپیٹ تک پہنچ گئی، اس لڑائی میں چار نوجوان زخمی بھی ہوئے، جنہیں بھٹائی اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمی ہونے والے نوجوانوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی شامل تھے اور جب یہ ٹیمیں اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر اسپتال پہنچی تو اسپتال ایک بار پھر میدان جنگ بن گیا۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان اسپتال میں بھی تصادم ہوا جس سے اسپتال کے عملے کا ایک فرد حنیف بھی زخمی ہو گیا، کھلاڑیوں نے اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
حسین آباد پولیس نے اسپتال میں ہنگامہ آرائی کرنے والے چار نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
