Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرکٹ کو سیاست سے دور رکھیں، محمد عرفان

پاکستان کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے شائقین سے کرکٹ اور سیاست کو ایک طرف رکھنے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے تیز گیند باز طویل قامت محمد عرفان چاہتے ہیں کہ شائقین اس بارے میں بیانات دینے سے گریز کریں کہ آیا پاکستان کو 2023 کے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا سفر کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی برقرار ہے اور اس سیاسی کشیدگی کا اثر کرکٹ میں بھی ہوا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا تھا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرتا ہے تو پاکستان 2023 کے ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے پر غور کرے گا۔

پاکستان اور بھارت نے 2013 کے بعد سے ابھی تک باہمی سیریز نہیں کھیلی ہے اور اس عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان آئی سی سی ورلڈ، چمپئینز ٹرافی اور ایشیا کپ کے ایونٹ میں مقابلے ہوئے ہیں۔

فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے۔ تیز گیند باز نے کہا کہ ہر کوئی پاکستان کو بھارت کے ساتھ کھیلتے دیکھنا چاہتا ہے، کیونکہ یہ سب سے زیادہ ہائی وولٹیج میچز ہوتے ہیں۔

محمد عرفان نے مزید کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کھلاڑیوں کو سیاست سے دور رکھا جائے، پاکستان کو بھارت جانا چاہیے اور بھارت کو کھیلنے کے لیے پاکستان آنا چاہیے۔ اس سے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان محبت بڑھتی ہے.

محمد عرفان نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے اور ایسے بیانات نہ دیں کہ پاکستان بھارت نہیں جائے گا، کرکٹ کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ اس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنے دیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version