سعودی عرب میں عراق سے تعلق رکھنے والے جڑواں بچوں کے دھڑ کو کامیاب آپریشن کے ذریعے الگ کر دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق طبی اور سرجیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے آج بتایا کہ عراقی جڑواں بچے علی اور عمر، جن کے جسم پیدائش کے وقت جڑے ہوئے تھے ریاض میں سعودی ڈاکٹروں نے الگ کر دیا ہے۔
سرجنوں کے ایک ماہر گروپ نے 12 جنوری کو کنگ عبداللہ سپیشلائزڈ چلڈرن ہسپتال میں جڑواں بچوں کو الگ کیا، اور کہا ہے کہ دونوں بچے مستحکم حالت میں ہیں۔

ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ جو کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے نگران جنرل بھی ہیں، نے عرب میڈیا کو بتایا دونوں بچوں کی تمام اہم علامات نارمل ہیں،
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں بچوں کو ایک ٹیوب کے ذریعے کھانا کھلانا شروع کر دیا ہے اور وہ اپنے والدین کے ساتھ معمول کے مطابق بات چیت کر رہے ہیں۔
میڈیکل ٹیم کو لڑکوں کی صحت یابی سے متعلق کوئی تشویشناک علامات نظر نہیں آتی ہیں۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کا کہنا تھا کہ جڑواں بچوں کو اگلے دو دنوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ سے باقاعدہ پیڈیاٹرک وارڈ میں منتقل کر دیا جائے گا۔

ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے تصدیق کی کہ لڑکوں کی جلد کے نیچے رطوبتوں کو دور کرنے کے لیے ڈالی جانے والی ٹیوبوں کے ساتھ ساتھ علی سے بائل نکالنے کے لیے لگائی جانے والی ٹیوبوں کو اگلے ہفتے میں ہٹا دیا جائے گا۔
طبی ماہرین کے مطابق جڑواں بچوں کے چار سے چھ ہفتوں تک ہسپتال میں رہنے کی توقع ہے۔ طبی ٹیم اس کے بعد فیصلہ کرے گی کہ آیا انہیں گھر پر علاج جاری رکھنے کے لیے چھٹی دی جا سکتی ہے۔
شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پر مبنی اس آپریشن میں 11 گھنٹے لگے اور یہ چھ مراحل پر مشتمل تھا، جسے کنسلٹنٹس، ماہرین، نرسنگ اور تکنیکی عملے کی 27 رکنی ٹیم نے مکمل کیا۔
جڑواں بچے پیدائش کے وقت سینے اور پیٹ کے نچلے حصے سے آپس میں جڑے ہوئے تھے اور ان کا جگر، پت کی نالیوں اور آنتوں کا بھی اشتراک تھا۔
یہ طریقہ کار سعودی کنجوائنڈ ٹوئنز پروگرام کا 54 واں کامیاب علیحدگی کا کیس تھا، اور علی اور عمر عراقی جڑواں بچوں میں سے پانچویں سیٹ تھے جنہوں نے سرجری کروائی۔
الربیعہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پروگرام کے لیے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔




















