امریکہ میں لاپتہ ہونے والے سعودی عرب کے سیاح عبدالرحمن العنازی کی لاش جھیل سے برآمد کر لی گئی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمن العنازی جمعہ کو صبح اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ہمراہ کھانا کھانے بعد باہر چلے گئے تھے جس کے بعد دوبارہ نہیں دیکھا گیا۔
عبدالرحمن العنازی کے اہل خانہ نے فوری طور پر کلیولینڈ کے حکام اور امریکہ میں سعودی سفارت خانے سے ان کی گمشدگی کی تحقیقات کے لیے رابطہ کیا۔
امریکی پولیس حکام نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور پر تلاشی ٹیمیں روانہ کیں تاکہ عبدالرحمن العنازی کو قریب سے تلاش کیا جا سکے جہاں اسے آخری بار دوستوں اور ایک رشتہ دار نے مشہور سیاحتی ضلع میں ایسٹ 9 ویں اسٹریٹ پیئر کے قریب ایری جھیل کے کنارے پر دیکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ جانے والے ہو جائیں تیار، ہزاروں ہنرمند کی ضرورت
عبدالرحمن العنازی کے بھائی بدر فلاح العنازی کا کہنا ہے کہ عبدالرحمن اپنی جیکٹ، موبائل اور بٹوکے بغیر باہر گیا تھا اور کہا تھا کہ واپس آ جاؤں گا۔
کلیولینڈ پولیس نے علاقے میں چھان بین کے بعد ایری جھیل میں عبدالرحمن کی تلاشی کا کام شروع کیا جہاں آخری بار اسے دیکھا گیا تھا۔
کلیولینڈ پولیس نے ایری جھیل سے عبدالرحمن العنازی کی برآمد ہونے والی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر پوسٹ مارٹم کر کے موت کی وجہ معلوم کریں گے۔
عرب میڈیا کی خبروں کے مطابق عبدالرحمن العنازی کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ میں ایک نامعلوم طبی بیماری کے علاج کے لیے امریکہ آئے تھے۔




















