امریکہ کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ چین 2027 تک تائیوان پر حملہ کر دے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سی آئی اے کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل امریکی جنرل نے چین کے خلاف ممکنہ حملے کا بیان دیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی یعنی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ 2027 تک تائیوان پر حملے کیلئے تیار رہے۔
ڈائریکٹر ولیم برنز واشنگٹن ڈی سی میں جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک انٹیلی جنس معاملے کے طور پر جانتا ہے کہ صدر شی نے یہ حکم اپنے ملک کی فوج کو جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی چین سے جنگ کب ہو گی؟ امریکی جنرل نے بتا دیا
ڈائریکٹر ولیم برنز نے مزید کہا کہ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ چینی رہنما نے 2027 یا کسی اور سال تائیوان پر حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ جناب شی سنجیدہ ہیں اور اپنے عزائم پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے کہا کہ میں تائیوان کے حوالے سے چینی صدر شی کے عزائم کو نظر انداز نہیں کروں گا۔




















