Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے پانچ روزکے جسمانی ریمانڈ لینے کی استدعا کی گئی۔

’’میرے ہاتھوں اور پیروں پرخون ہے‘‘

عدالتی حکم پر شیخ رشید کی ہتھکڑیاں کھول دی گئیں، پولیس نے استدعا کی کہ شیخ رشید کی وائس میچنگ کرا دی گئی، فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے جس پر شیخ رشید نے کہا کہ ان کا ریکارڈ منگوائیں چھ گھنٹے مجھے کہاں رکھا گیا جس کے بعد شیخ رشید کو چپ کرا دیا گیا۔

جج نے ریمارکس دیے کہ پولیس کو سننے دیں پھر آپ کی سنیں گے۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ہم نے وقت میں کوشش کی جو ٹیسٹ کرا سکوں کروا دیے ہیں جس پروکیل عبدالرزاق نے کہا کہ دو دن پہلے اسی کیس میں تفتیش کے لیے دو دن کا ریمانڈ دیا تھا۔

شیخ رشید کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدرازق نے دلائل دینا شروع کردیے۔

وکیل سردارعبدالرزاق نے کہا کہ شیخ رشید پرجو دفعات لگیں وہ نہیں بنتیں۔ پراسیکیوشن کو تفتیش کے لیے دو روزہ جسمانی ریمانڈ دیاگیا۔ شیخ رشید پر رات کے وقت تشدد کیا گیا۔

وکیل شیخ رشید نے کہا کہ شیخ رشید سینئر سیاستدان ہیں، پولیس کس طرح انہیں ہینڈل کر رہی ہے۔ پولیس کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ تفتیش کے لیے دیاگیا لیکن پولیس نے ٹارچر کیا۔ شیخ رشید کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ مانگا جارہا ہے۔

وکیل سردارعبدالرزاق نے کہا کہ شیخ رشید کے انسانی حقوق پامال ہورہے، عام شہری کا کیا حال ہوگا۔ شیخ رشید نے بیان دیا کہ عمران خان کے پاس قتل کرنے کے شواہد ہیں۔ پراسیکیوشن کے پاس شیخ رشید کے بیان کی ویڈیو موجود ہے۔ شیخ رشید اپنے بیان کا اقرار کررہےہیں۔

وکیل شیخ رشید نے دلائل دیے کہ مقدمہ کے مطابق جو سیکشن لگی وہ بنتی ہی نہیں ہیں۔ عمران خان نے کہا میرے پاس شواہد ہیں عمران خان کے بیان پر کیا مقدمہ درج ہوسکتا ہے۔

وکیل انتظارپنجوتھا نے کہا کہ ملک میں ظلم کی صورتحال کے پیشِ نظر عدلیہ عوام کی آخری امید ہے، عدالت نے شیخ رشید کے انسانی حقوق کو محفوظ کرنا ہے۔ پراسیکیوشن سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے دوران تفتیش میں پیش رفت کے حوالے سے پوچھا جائے۔

وکیل انتظار پنجوتھا نے دلائل دیے کہ شیخ رشید سے سیاسی تفتیش کی گئی۔ شیخ رشید سے پوچھا گیا کہ عمران خان کی نااہلی پر آپ کدھرجائیں گے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پراسیکیوٹر کی  جانب سے شیخ رشید کے مزید جسمانی ریمانڈ  کی استدعا مسترد کرتے ہوئے   جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ  جیل بھجنے کا حکم دے دیا۔

شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ شدہ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے سنایا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version