اپر کوہستان میں کے مقام پر مسافر بس اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہربن کے مقام پر گلگت بلتستان سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس اور کار میں تصادم ہوا، حادثے کے بعد بس اور کار دونوں گہری کھائی میں جا گری ، حادثے میں 21 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس میں 20 افراد سوار تھے جبکہ مخالف سمت میں آنے والی کار میں 5 افراد سوار تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی 18 لاشیں کھائی سے نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید لاشوں کو نکالنے کے لئے آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید خان نے ہربن کوہستان حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
خالد خورشید خان نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اورغم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید خان نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر کنٹرول قائم کرکے ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن شروع کرنے اور محکمہ صحت کو گلگت اور چلاس کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے حادثے کے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
