گورنرسندھ نے کہا ہے کہ معیشت بہتر ہونے سے عوام کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ایران کے اسلامی انقلاب کی 44ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایران کے عوام اور حکومت کو اسلامی انقلاب کی 44 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ایران، پاکستان کو سفارتی سطح پر تسلیم کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے ایران نے اب تک ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے، ایران کے عوام نے بین الاقوامی پابندیوں کا ایک متحد قوم کی حیثیت سے مقابلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک ایران تعلقات کئی صدیوں پر محیط ہیں، علامہ اقبال کا فارسی کلام پاکستان سے زیادہ ایران میں مقبولیت رکھتا ہے۔
گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم و صحت کے شعبوں میں قریبی رابطہ دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ برادر اسلامی ممالک کا باہمی تعاون انہیں ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرسکتا ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کے وسائل کو استعمال کرکے اپنی معیشت کو بہتر کرسکتے ہیں، معیشت بہتر ہونے سے عوام کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا۔
سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر پلدیات سید ناصر حسین شاہ ، قونصل جنرل ایران حسن نوریان اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
