روس کی حکومت نے ملک کی معروف اور مقبول ترین گلوکارہ ریمفیرا کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا ہے۔
عرب میڈیا کی خبر کے مطابق روس کی وزارت انصاف نے روس کی مقبول ترین گلوکاروں میں سے ایک زیمفیرا کو غیر ملکی ایجنٹوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
روسی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ گلوکارہ زیمفیرا کو غیر ملکی ایجنٹوں کی فہرست میں اس بنیاد پر رکھا کہ اس نے یوکرین کی حمایت کی اور اس ملک میں روس کے خصوصی فوجی آپریشن پر تنقید کی۔
روسی خبر رساں ایجنسی نے وزارت کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا کہ زیمفیرا، جس کا پورا نام زیمفیرا رمازانوفا ہے اور یوکرین کی کھل کر حمایت کی جبکہ خصوصی فوجی آپریشن کے خلاف بات کرتے ہوئے غیر دوست ممالک میں کنسرٹ منعقد کیے اور غیر ملکی ذرائع سے حمایت حاصل کی۔
روس کے وسطی علاقے باشکورتستان میں پیدا ہوانے زیمفیرا نے 1998 میں گلوکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا، اسے روس اور سابق سوویت ریاستوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی۔
زیمفیرا یوکرین کے ساتھ تنازعے کی مخالفت کرنے کے لیے جانی جاتی تھیں اور اس کی ویب سائٹ پر “جنگ نہیں” کا نعرہ تھا۔
فروری 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد متعدد ویب سائٹس کے ذریعے اس کی اطلاع دی گئی ہے کہ وہ فرانس میں بسنے کے لیے روس چھوڑ کر چلی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ غیر ملکی ایجنٹوں کا لیبل لگانے والے روسیوں کو اکثر پولیس کی تلاشی اور دیگر تعزیری اقدامات کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور بہت سے لوگ پچھلے ایک سال میں ملک چھوڑ چکے ہیں۔
روس کی وزارت انصاف نے گزشتہ روز زیمفیرا سمیت اپوزیشن کے سیاستدان دمتری گڈکوف سمیت متعدد شہریوں کو غیر ملکی ایجنٹس کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
