سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال مملکت کی پہلی خاتون خلاباز کو خلاء میں بھیجے گا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب 2023 کی دوسری سہ ماہی کے دوران مملکت کی پہلی خاتون خلاباز اور ایک مرد خلاباز کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجے گا۔
خلانورد ریانہ برناوی اور علی القرنی اے ایکس 2 اسپیش اسٹیشن کی ٹیم کو جوائن کریں گے
سعودی عرب کی سرکاری خبر ایجنسی نے کہا کہ اس قدم کا مقصد انسانیت کی خدمت اور خلائی صنعت کی جانب سے پیش کردہ امید افزا مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے انسانی خلائی پرواز میں سعودی صلاحیتوں کو بااختیار بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شاہ رخ خان کو سعودی عرب میں کس چیز نے متاثر کیا؟
یہ خلائی پرواز امریکہ سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہو گی، سعودی ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام میں دو مزید خلابازوں، مریم فردوس اور علی الغامدی کی مشن کی تمام ضروریات پر تربیت شامل ہے۔
اس سے قبل سعودی خلائی کمیشن نے سعودی ہیومن اسپیس فلائٹ پروگرام کے تحت سعودی خلابازوں کو تربیت اور خلائی تحقیق کو تقویت دینے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا تھا۔
یہ خلائی مشن تاریخی ہے کیونکہ یہ سعودی عرب کو دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک بنا دے گا جو ایک ہی قومیت کے دو خلابازوں کو بیک وقت آئی ایس ایس پر لاتے ہیں۔




















