بارکھان میں خاتون اور اس کے 2 بیٹوں کے قتل کے الزام میں بلوچستان کے برطرف وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کو گرفتار کرلیا گیا۔
بلوچستان پولیس نے صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کو کوئٹہ سے گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی ہے جب کہ سردار عبدالرحمن کھیتران کے بیٹے انعام کھیتران نے بھی گرفتاری کی تصدیق کردی۔
پولیس کے مطابق سردار عبدالرحمان کھیتران کو بارکھان میں 3 افراد کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے اور تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران پر گراں ناز مری اور ان کے بیٹوں کو یرغمال بنانے اور قتل کرنے کا الزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ بارکھان واقعے پر حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی
سردار عبدالرحمان کھیتران نے خود پر لگے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی تاہم سردار عبدالرحمان کھیتران کے گھر سے گراں ناز مری کے بچوں کی مبینہ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جس میں سردار عبدالرحمان کھیتران کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کے دو بیٹوں کی لاشیں ملیں، چند روز قبل سوشل میڈیا پر خاتون کی قرآن پاک ہاتھ میں لیے نجی جیل سے رہائی کی دہائیاں دیتی ہوئی ویڈیو سامنے آئی تھی۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بارکھان میں تین افراد کے قتل کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔
