Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ترکیہ، زلزلے سے تباہ عمارتوں کا ملبہ دس کروڑ ٹن سے زائد

ترکیہ اور شام میں رواں ماہ کے آغاز میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ دس کروڑ ٹن سے زائد ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک ایجنسی کا اندازہ ہے کہ ترکیہ میں اس ماہ کے اوائل میں آنے والے زلزلوں کی وجہ سے تباہ شدہ عمارتوں کا گیارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ٹن سے اکیس کروڑ ٹن تک کا ملبہ صاف کرنا پڑے گا۔

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ترجمان نے کہا کہ اس مرتبہ ملبے کی مقدار 1999 کے مغربی ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے بعد بچ جانے والے ایک کروڑ تیس لاکھ ٹن سے زیادہ ہے، مذکورہ زلزلے میں 17 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یہ تخمینہ ترکیہ حکومت کے سروے اور سیٹلائٹ تصاویر کی بنیاد پر لگایا گیا ہے، سروے سے پتا چلا ہے کہ کم از کم ایک لاکھ اٹھارہ ہزار عمارتیں یا تو منہدم ہو چکی ہیں یا ان کے گرنے کا خطرہ ہے۔

یو این ڈی پی کی ترکیہ میں ریذیڈنٹ نمائندہ لوئیسا ونٹن نے کہا ہے کہ 15 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور کم از کم پانچ لاکھ نئے گھر تعمیر کرنے کی ضرورت ہو گی۔

لوئیسا ونٹن نے مزید کہا کہ ملبے کو ہٹانا اور فوری طور پر ٹھکانے لگانا ضروری ہے، تاکہ کمیونٹیز اور معیشت کو دوبارہ تعمیر کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں