بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے برطانیہ کے ڈپٹی پولیٹیکل قونصلر ایون ہیرس کی ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایون ہیرس ڈپٹی پولیٹیکل قونصلر و برطانوی ہائی کمیشن میں اسٹریٹجک انگیجمنٹ اینڈ انڈرسٹینڈنگ کے سربراہ ہیں، بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے ایون ہیرس نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری سے ایون ہیرس نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، ڈپٹی ڈائریکٹر زہرہ بتول بھی ہمراہ تھیں
— PPP (@MediaCellPPP) February 23, 2023
ملاقات کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے تعلیم اور صحت کے شعبوں بشمول حالیہ سیلاب کے بعد ازسرِنو بحالی کے اقدامات میں حکومتِ سندھ کے لیے برطانوی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں ایون ہیرس کو حکومتِ سندھ کی جانب سے سیلاب کے بعد اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ ایون ہیرس کو سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے منصوبے سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے فعال و متحرک کردار کو سراہا گیا۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ منصوبے کے تحت 20 لاکھ بے گھر خاندانوں کو سائبان فراہم کرنا ہے، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 8 فروری کو صوبے میں عہد سے تعمیرِنو تک لچکدار سندھ کانفرنس کے دوران ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کرچکے ہیں۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یو این ڈی پی اور حکومت سندھ کے مشترکہ منصوبے کے تحت کانفرنس میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر نو کے لیے براہ راست نقد رقم کی منتقلی کا پائلٹ پروگرام بھی شروع کیا جا چکا ہے۔
اس موقعے پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب اور سینیٹر قرۃ العین مری بھی موجود تھے۔
