پی ٹی آئی رہنما پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ آئین شکنی کی طرف بڑھنے والے حکمران اب عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔
سابق وزیر اعلی پنجاب پزویز الہی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال فوری طورپر عام انتخابات کاتقاضا کرتی ہے، پوری پی ڈی ایم انتخابات سے خوفزدہ ہے، نااہل حکمران ٹولے کی ایک ہی خواہش ہے کہ کسی طر ح انتخابات نہ ہوں۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ آئین شکنی کی طرف بڑھنے والے حکمران اب عدلیہ پر حملہ آور ہیں، مریم نواز عدلیہ پر حملوں میں پیش پیش ہیں روزانہ عدلیہ کے خلاف غیر مناسب لب و لہجہ اختیار کیا جارہا ہے، مریم نواز چاہتی ہیں کہ سیاسی مخالفین کے خلاف عدالتی فیصلے وہ خود سنائیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہناتھا کہ عمران خان قوم کا ہیرو ہے، حکومت میں بیٹھا مافیا عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہر ضمنی انتخابات کا نتیجہ پی ڈی ایم کو اس کی سیاسی حیثیت بتارہاہے، امید ہے کہ سپریم کورٹ آئین کے مطابق نوے روز کے اندر انتخابات کاحکم دے گی۔
