Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے ، احسن اقبال

احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے اگلے الیکشن سے پہلے ترازو کو برابر ہونا چاہئے، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور وہ اس بات کا خود اعلان کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2018  میں مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچانے اور عمران خان کو فائدہ دینے کے لئے ثاقب نثار کی عدلیہ نے نواز شریف کو غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر ایک لطیفہ فیصلہ کرکے نااہل کیا تھا۔اس فیصلے کا مقصد یہ تھا کہ مسلم لیگ ن 2018 کے الیکشنوں میں نقصان پہنچایا جائے، اب نہ وہ جج رہے ہیں نہ وہ جرنیل رہے ہیں جنہوں نے وہ آپریشن کیا تھا، اب ضروری ہے کہ اس غلطی کی تلافی کی جائے اور میدان سب کے لئے برابر کیا جائے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ کا بھی حق ہے کہ ان کی قیادت واپس آکے الیکشن کے اندر جمہوری عمل کے اندر حصہ لے کیونکہ انہیں ایک غلط اور غیر قانونی فیصلے کے ساتھ نااہل کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے دل میں نوگو ایریا بنا دینا یہ پاکستان کی ریاست اور قانون کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، انتظامیہ کا فرض ہے کہ نوگو ایریا کو کلئیر کرائے اور کسی کو اجازت نہ دے کہ وہ اپنی ضد اور انا کے ساتھ پاکستان کے آئین قانون کی توہین کرے۔

 انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار پیدا کرکے دنیا کو یہ بتانا چاہتا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، زیادتی اس کے ساتھ نہیں ہوئی زیادتی ان نہتے پولیس والوں کے ساتھ ان کے اوپر بدترین عمران خان کے حمایتیوں نے حملے کئے پیٹرول بم پھینکے گئے جس سے لاتعداد پولیس والے زخمی ہوئے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ وہ شخص جو تشدد اور جھتوں کی سیاست کر رہا ہے ، وہ دنیا کو بے وقوف بنانے کے لیے بیانات جاری کر رہا ہے کہ میرے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہورہی۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادتی پاکستان کی عدالتوں،آئین اور قانون کے ساتھ ہو رہی ہے، جس طرح اس نے اپنے کارکن کی لاش پر سیاست کرنے کی کوشش کی اور اب عمران خان کی خواہش ہے کہ اس طرح اور نوجوانوں کی لاشیں گریں۔

احسن اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عمران خان سے کہا کہ جمہوریت میں بات چیت ہوتی ہے، جمہوریت میں تشدد نہیں ہوتا اگر عمران خان تشدد کو ترک کرے۔

زیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ اپنا نوگو ایریا کلئیر کرے عدالت کے سامنے پیش ہو یقینا اس کے ساتھ بات ہوگی مذاکرات کریں گے لیکن پاکستان کے آئین، قانون، عدلیہ کی رٹ کو یرغمال بنا کر کوئی بات چیت کرنا چاہتے ہیں، میں نہیں سمجھتا اس سے کوئی مقصد حاصل ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version