الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں 30 مارچ کو شیڈول عام انتخابات ملتوی کردیے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کا شیڈول معطل کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا با ضابطہ حکم نام جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 30 مارچ کو پنجاب میں شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ تمام اداروں نے الیکشن ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے، موجودہ صورتحال میں صاف اور شفاف انتخابات کرانا ممکن نہیں۔
اس سے قبل 3 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کرانے کی تجویز دی تھی۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال بھی آج ایک سماعت کے دوران واضح کرچکے ہیں کہ اگر شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوگی تو سپریم کورٹ مداخلت کرے گی۔
