چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کر کے توہین عدالت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالہٰی سے سابق ارکان اسمبلی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کے مطابق سپریم کورٹ کا فیصلہ حرف آخر نہیں، چیف جسٹس مداخلت نہیں کر سکتے، یہ بیان توہین عدالت ہے، ملک میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں نااہل حکمرانوں کے مرضی کے فیصلے نہیں چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کر کے توہین عدالت کی ہے، الیکشن ملتوی کر کے الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کا غیر آئینی مطالبہ پورا کر دیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے انشاء اللہ الیکشن مقرر وقت پر ضرور ہوں گے۔
پرویزالہٰی نے یہ بھی کہا کہ حکومت سے چمٹے رہنے والے عوام کے نہیں اپنے مفاد کیلئے الیکشن کا التوا چاہتے ہیں، رانا ثناءاللہ اور مریم نواز جیسے لوگ دراصل اپنی خواہشات کی پیروی کرتے وقت سپریم کورٹ کو بھی معاف نہیں کرتے، چیف جسٹس سپریم کورٹ آئین پاکستان کے محافظ ہیں، وہ آئین سے کھلواڑ انہیں ہو نے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد شخصیت ہیں جنہیں عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی جانبداری ثابت کر دی پی ڈی ایم والے الیکشن کمیشن کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔
پرویزالہٰی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ، مریم نواز نے عدلیہ اور ججز کو بدنام کرنے کی مہم میں ناکامی کے بعد پنجاب میں الیکشن ملتوی کروانے کا اعلان کروایا، پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ عمران خان نے کبھی قانون نہیں توڑا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان عدلیہ کا احترام کرنے والے سیاستدان ہیں، تحریک انصاف پاکستان کی واحد ملک گیر قومی جماعت ہے اس پر پابندی لگانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، انشاءاللہ پی ڈی ایم الیکشن سے پہلے ہی تتر بتر ہو جائے گی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالہٰی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں انتخابی نشان پر جھگڑے شروع ہو چکے ہیں، عمران خان کو گھیرنے والے خود مہنگائی کے چنگل سے نہیں نکل پا رہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی اہمیت پتلی تماشے سے زیادہ نہیں، موجودہ پارلیمنٹ عوامی اکثریت سے محروم ہو چکی۔
ملاقات میں سابق وفاقی وزیر بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، سابق ارکان اسمبلی حاکم علی بھٹی، مامون تارڑ، فیصل سعود بھٹی، عبداللہ یوسف وڑائچ، نگہت محمود، مہناز سعید، عبداللہ فیصل، جہانزیب رشید شریک تھے۔
