خالد خورشید نےکہا ہے کہ صوبے میں منافع خوری و ذخیره اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ماہ رمضان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے اس مقصد مہینے میں روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے سکردو اور گلگت میں سحر و افطار کے اوقات کار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ برقیات کی جانب سے سکردو تھرمل جنریٹرز چلانے کیلئے 6 کروڑ روپے کی سمری اور گلگت کیلئے 8 کروڑ روپے کی منظوری دی۔
خالد خورشید نے سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ حکومت نے محکمے کی سفارش پر گلگت اور سکردو کیلئے 14 کروڑ روپے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ گلگت اور سکردو کے عوام کو سحر و افطار کے اوقات کار میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے سیکریٹری برقیات کو گلگت میں پانی دستیابی یقینی بنانے کیلئے واٹر پمپس کیلئے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
خالد خورشید نے یوٹیلٹی سٹورز میں رمضان پیکیج کے تحت اشیاء خوردنوش کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے تحت یوٹیلٹی سٹورز میں اشیاء خوردنوش کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنائیں اور منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کریں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ بلتستان اور دیامر کی طرز پر گلگت میں بھی پرائس کنٹرول ایپ آئندہ 48 گھنٹوں میں فعال بنائیں اور روزانہ کی بنیادوں پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے مختلف اضلاع میں رمضان سستا بازار کے قیام کی بھی ہدایات دیں جبکہ اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، صوبائی سیکریٹری ادخلہ، آئی جی پی اور دیگر متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔
