عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کوحقیقی طور پر آزاد کرنا چاہتے ہیں تو سب کو قربانی دینا پڑےگی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزاد نہیں ہیں یہی ہماری پرواز میں رکاوٹ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے لوگ اس لیے باہر جاتے ہیں کہ وہاں قانون کی حکمرانی ہے، باہر کے معاشروں میں پہلے قانون و انصاف قائم ہوا بعد میں وہاں خوشحالی آئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ہمارے ایک ہزار کارکن جیلوں میں ہیں، اب تک تحریک انصاف کے ایک ہزار لوگوں کو پکڑ لیا ہے، یہ خوف پھیلانے کیلئے سب کچھ کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وکلا برادری سے کہتا ہوں پاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے ، حسان نیازی ملک کیلئے خواب دیکھتا ہے، حسان نیازی کواٹھا لیا،پھر کوئی دفعہ لگادی،کوئی پوچھنے والا نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیشی کیلئے عدالت گیا، عدالت نے کہا تھا سرچ وارنٹ کے بغیر نہیں جاسکتے ، 40 لوگ دروازہ توڑ کر میرے گھر گھس آئے گھر میں بیوی اکیلی تھی، جو چیزیں ملیں سب لوٹ کر لے گئے
چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا کہ جو کچھ یہ یہاں کررہے ہیں مقبوضہ کشمیر میں ایسا ظلم ہو رہا ہے، حکومت میں بیٹھے لوگوں نے پہلے بھی قتل کرنے کی کوشش کی اب بھی کرینگے، ہمیں کسی اور پر اعتبار نہیں،یہ لوگ مجھےقتل کرنےکی کوشش کرینگے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے مارنے کا پلان بنا ہوا تھا،پولیس آفیسرز نے بتایا تھا ، جوڈیشل کمپلیکس پرپیشی کیلئے انتظار کررہا تھا پولیس پتھراؤ کررہی تھی جبکہ شبلی فراز، عمر سلطان پر بھی تشدد ہوا جبکہ فہرست میں انکے نام تھے
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پولیس کے حلیے میں نامعلوم افراد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے، ہمارے وکلا جوڈیشل کمپلیکس گئے تو بتایا کہ وہاں حالات ہی الگ تھے، جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے مارنے کا پورا پروگرام تھا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انکا پیسہ باہر ہے،ملک ڈوبتا ہے ان کو فرق نہیں پڑتا ، ہم نے آزادی کیلئے آخری خون کے قطرے تک لڑنا ہے ، کسی نےخوفزدہ ہو کر آزادی کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹنا، آزادی کبھی بھی قربانی کے بغیر نہیں ملتی، ملک کوحقیقی طور پر آزاد کرنا چاہتے ہیں تو سب کو قربانی دیناپڑےگی۔
عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو پکڑ کر خوف پھیلایا جارہا ہے ، میرا ایمان ہے جب اللہ نے فیصلہ کرلیا مجھے جانا ہے تو کوئی نہیں روک سکتا، میں زمان پارک میں بیٹھا رہوں گا،یہاں سے نہیں جاؤں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ جلسے میں حقیقی آزادی کا روڈ میپ بتاؤں گا ، کل شام کو مینار پاکستان میں جلسہ کریں گے۔
