Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں عوام کی خدمت کے ہر امتحان میں سرخرو فرمایا،وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے جس نے نوازشریف سمیت ہمیں بے بنیاد مقدمات اور عوام کی خدمت کے ہر امتحان میں سرخرو فرمایا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی ربطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے جس نے نوازشریف سمیت ہمیں بے بنیاد مقدمات اور عوام کی خدمت کے ہر امتحان میں سرخرو فرمایا،اللہ کا شکر ہے جس نے قائد محمد نوازشریف سمیت ہمیں بطور جماعت سیاسی انتقام میں اندھے سیاسی مخالف ٹولے کے ہر جھوٹ، بے بنیاد مقدمات اور عوام کی خدمت کے ہر امتحان میں سرخرو فرمایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانیہ کی عدالتوں کے فیصلوں میں جھوٹ کے سوداگروں کے ہر سوال کا شافی اور کافی جواب موجود ہے،تازہ ترین مثال احتساب عدالت لاہور کا پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کا فیصلہ ہے جس میں واضح لکھا ہے کہ نوازشریف “سیاسی انتقام کا نشانہ بنے، کیس تھانہیں، بنایا گیا،” اس جھوٹ کو ریفرنس کا نام دینے والے گنہگاروں کو اللہ اور عوام سے معافی مانگنی چاہئے لیکن یہ بھی وہ کر سکتا ہے جس کے دل میں خوف خدا ہو۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ توبہ کی توفیق سے محروم”عذر گناہ بدتراز گناہ کی عبرت ناک مثال بن جاتے ہیں جن کے دلوں پر خدا تالے لگا دیتا ہے، مریم نواز شریف سمیت ہماری بہو بیٹیوں کو ناحق جیلوں میں قید کیا گیا، چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال ہوئی، 15 کلو ہیروئن کے جعلی مقدمے بنائے گئے، اللہ کی قسمیں کھا کر سیاہ جھوٹ بولے گئے، طیبہ گل کے اغوا کاروں کی ٹویٹ بھی ان کے جھوٹے مقدمات اور قسموں کی طرح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن، لوٹ مار اور قوم کے خلاف جرائم میں عدالتوں کا سامنا کرنے کی جرات نہ رکھنے والے نے طویل منصوبہ بندی اور مسلسل ذہن سازی سے 9 مئی کا یوم سیاہ کرایا،یہ پاکستان میں خانہ جنگی اور اداروں کو عوام سے ٹکرانے کی مذموم سازش تھی جو اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوامی شعور کی وجہ سے ناکام ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا فائدہ صرف پاکستان دشمنوں کو ہوا۔ لاتعداد وڈیوز، بیانات اور ناقابل تردید شواہد کی موجودگی پراپگنڈے اور جھوٹ پر مبنی ہر ٹویٹ پر کہیں بھاری ہے، پیٹرول بم، شہداء کی یادگاریں، جلی ہوئی عمارتیں، مساجد، سکول، ایمبولنسز، ریڈیو پاکستان کی خاکستر عمارت ہر جھوٹے کو جھوٹا ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں جس کی گرفتاری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلےمیں درست قرار دیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ جھوٹے مقدمات کے باوجود ہم عدالت گئے، آپ بھی جرات کریں اگر ہاتھ صاف ہوتے تو منی لانڈرنگ کے حقائق پر مبنی فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی خبرکو برطانیہ کی عدالت میں چیلنج کرتے جیسے میں نے ڈیلی میل کے جھوٹ کو بے نقاب کیا تھا لیکن اس کے لئے سچائی، ثبوت اور دلیری درکار ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version