Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ و پنشن میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، انوارالحق

انوارالحق نے کہا ہے کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ و پنشن میں وفاقی حکومت کی طرز پر اضافہ کئے جانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جس میں سرکاری ملازمین کی تنظیموں کی رجسٹریشن کے حوالے سے موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پرائیویٹ اور سرکاری آٹے کی قیمت میں توازن لانے کیلئے سفارشات مرتب کرنے،سرکاری آٹے کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے اقدامات کیلیے لائحہ عمل بنانے کیلیے بارہ وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو ایک ماہ میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

کمیٹی کے ارکان میں وزراء حکومت اظہر صادق، ماجد خان،اکمل سرگالہ، چوہدری رشید،میاں وحید، سردار ضیاء القمر، سردار عامر الطاف، سردار فہیم اختر ربانی، دیوان علی خان چغتائی اور جاوید اقبال بڈھانوی شامل ہیں۔

اس موقع پر آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ و پنشن میں وفاقی حکومت کی طرز پر اضافہ کئے جانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے،اس ضمن میں تقریبا 18 ارب روپے سالانہ کے مالی مضمرات ہونگے ان اخراجات کو پورا کرنے اور اس ضمن میں ذرائع آمدن میں مطلوبہ اضافہ کرنے کی خاطر کابینہ کی یہی بارہ رکنی کمیٹی سفارشات مرتب کرے گی۔

کابینہ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر،وزیر خزانہ کرنل (ر) وقار احمد نور،وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور،سید بازل علی نقوی،سردار میر اکبر خان،سردار محمد حسین،چوہدری ارشد حسین،عبدالماجد خان،محمد اکبر ابراہیم،سردار عامر الطاف،میاں عبدالوحید،چوہدری محمد رشید،راجہ محمد صدیق،جاوید اقبال بڈھانوی،سردار محمد جاوید ایوب،ڈاکٹر نثار انصر ابدالی،چوہدری اظہر صادق،چوہدری محمد اخلاق،ظفر اقبال ملک،چوہدری یاسر سلطان،احمد رضا قادری،چوہدری قاسم مجید سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں