Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف آئی اے نے آن لائن لون ایپس کیس پر تحقیقات شروع کردیں

ڈی جی ایف آئی اے نے آن لائن قرض کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں آن لائن لون ایپس کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے سائبرکرائم ونگ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے واقعے میں ملوث عناصرکو جلد گرفتارکرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہےکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، قرض کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں؛ آن لائن ایپ سے قرض لینے والے 2 بچوں کے بیروزگار باپ نے خودکشی کرلی

ترجمان کے مطابق گزشتہ روز سائبر کرائم راولپنڈی کی ٹیم نے متاثرہ خاندان کے گھر کا دورہ کیا جس کے بعد اسلام آباد کے علاقے جی ایٹ میں ایف آئی اے نے 2 چھاپے مارے جس میں متعدد لیپ ٹاپس اور کمپیوٹر قبضے میں لیے گئے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کے رہائشی 42 سالہ محمد مسعود نے بچوں کی فیس اور مکان کا کرایہ ادا کرنے کے لیے 13 ہزار روپے کا قرض لیا تھا جسے وہ سود سمیت ادا نہیں کرسکے اور قرضہ چکانے کے لیے ایک آن لائن ایپ سے مزید قرضہ لے لیا۔

بعد ازاں کچھ وقت میں قرضے کی رقم سود سمیت 7 لاکھ روپے ہوگئی اور پھر قرضہ دینے والوں نے اپنے پیسوں کا مطالبہ شروع کردیا ،یہاں تک کہ انہیں دھمکیاں ملنے لگی جس سے تنگ آکر دو بچوں کے باپ نے خود کشی کرلی۔

متعلقہ خبریں