رانا ثناءاللہ نے کہا ہےکہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہچیئرمین پی ٹی آئی کو سزا یا نااہلی سے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، 9 مئی واقعات میں جو ملوث نہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیے، سزا الیکشن سے پہلے ہوگی یا بعد میں ہو گی، معلوم نہیں۔
رانا ثناءاللہ نے عام انتخابات سے متعلق کہا کہ مردم شماری کو دوبارہ کرانے کیلیے سب کو متفق ہونا ہوگا، پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی اسمبلی کی 200 سیٹیں پکی ہیں، نواز شریف کی واپسی کا باقاعدہ اعلان ہوگا ابھی حتمی تاریخ نہیں ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل سیشن جج پر جو الزامات لگے وہی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز پر بھی ہیں اس کا فیصلہ جوڈیشری نے کرنا ہے، 190 ملین پاؤنڈ واپس لینے کیلیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہوگا، موجودہ حالات میں امید نہیں کہ ہماری اپیل منظور ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے، افغان حکومت روکنا نہیں چاہتی یا صلاحیت نہیں یہ سوال اپنی جگہ ہے۔
لاپتا صحافی عمران ریاض کے بارے میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران ریاض کہاں پر ہے اللہ بہتر جانتا ہے، ان کی فیملی نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا، اگر فیملی رابطہ کرے گی تو مدد کیلیے تیار ہیں۔
