Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تنازعہ یوکرائن نے کئی ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تنازعہ یوکرائن نے کئی ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے یوکرائن کے وزیر برائے خارجہ امور دیمیٹرو کولیبا کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق یوکرائن کے مسئلے کا بات چیت کے ذریعے سفارتی حل نکالنے پر زور دیا۔

 اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیا اور یوریشیا کے خطوں میں سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے یوکرائن کی آزادی کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی پر مبنی اور دوستانہ تعلقات کو یاد کیا جبکہ شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یوکرائن کے تنازعہ کے عالمی سطح پر سنگین اثرات پڑے ہیں جس سے کئی ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔

یوکرائن کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو یوکرائن کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ملک نے ہمیشہ تعاون اور دوستی پر مبنی دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کا فائدہ اٹھایا ہے جس کا مشترکہ مقصد عالمی امن اور علاقائی استحکام میں کردار ادا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین کے وزیر خارجہ 20 سے 21 جولائی 2023 تک پاکستان کے  دورے پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version