پاکستان استحکام پارٹی (آئی پی پی) کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاکستان استحکام پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا میں اعظم خان کا بیان زیربحث ہے، سائفر کے ساتھ ڈرامہ بازی سامنے آچکی ہے، جھوٹ کےکوئی پاؤں نہیں ہوتے،جیت سچ کی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں سیاستدانوں کی بے توقیری کی گئی، سائفر کے نام پر سادہ کاغذ لہرانے کی فلم سب نے دیکھی، اداروں کو ذاتی مقاصد کے لیے کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اعظم خان کا سکندرِ اعظم کے حوالے سے بیان سامنے آیا ہے، جو چیئرمین پی ٹی آئی کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، جیسے مکڑی جال بن کر حصار بناتی ہے اعظم خان نے بھی ویسا ہی کیا۔ قوم کو من گھڑت، منفی بے بنیاد پروپگینڈا کا شکار بنایا گیا۔
ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں اداروں کے خلاف سازش ہوتی رہی ہے، پورے گینگ کو آرٹیکل 6 کے تحت کٹہرے میں لایا جائے، ملک سے غداری کرنے والوں کو آئنی شکنجے میں لایا جائے۔
