بھارت کے رائے گڑھ ضلع میں ارشال واڑی گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد 27 افراد کی لاشیں برآمد ہو گئی ہیں، جبکہ درجنوں لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق مغربی بھارت کے ایک گاؤں میں مون سون بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کی تلاش کا چوتھا دن بھی جاری ہے جس کے بعد سیکڑوں امدادی کارکنوں نے 27 لاشیں برآمد کی ہیں۔
ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے تقریبا 80 کلومیٹر دور رائے گڑھ ضلع میں بدھ کی رات کو لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 78 افراد لاپتہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گاؤں کے 48 میں سے کم از کم 17 گھر مکمل یا جزوی طور پر ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
رائے گڑھ کے عہدیدار یوگیش مہسے نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ‘ہم نے اب تک 27 لاشوں کی گنتی کی ہے اور تقریبا 50 سے 60 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پہاڑی کی چوٹی کا مقام اور دشوار گزار علاقے کوششوں میں رکاوٹ بن رہے تھے۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے پرمود کمار سنگھ نے مقامی میڈیا کو بتایا، ‘ہم بھاری سامان لے جانے کے قابل نہ ہونے کے بڑے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سب کچھ دستی طور پر کیا جا رہا ہے۔
پہاڑی کی بنیاد سے، ایرشال واڑی تک پیدل پہنچنے میں تقریبا ۹۰ منٹ لگتے ہیں۔ ریسکیو ایجنسی کا کہنا ہے کہ بارش اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کی وجہ سے رات کے وقت ریسکیو آپریشن معطل کردیا گیا۔
بھارت کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں چار بچے بھی شامل ہیں اور 75 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ چار افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















