آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے، اس دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی آئندہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہورہی ہیں، اور 26 جولائی تک ملک کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران پنجاب، خیبرپختون خوا، سندھ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، اور چند مقامات پر شدید موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں، ملک کے بیشترعلاقوں میں موسلادھار بارش متوقع ہے اس دوران ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور سڑکیں زیرِ آب آنے کا خطرہ، جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلگت بلتستان میں گلوف اورفلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیز آندھی سے بجلی کے کھمبے، سولر پینلز، ہورڈنگز، اونچے درختوں اور زیر تعمیر عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مطلوبہ ایمرجنسی عملہ و مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، قصور اور میانوالی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

















